چھ گھنٹے بند رہنے کے بعد اب یہ ویب سائٹ نئے ڈومین سے دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔
کمپنی ایوری ڈی این ایس ڈاٹ نیٹ نے کہا ہے کہ اس نے یہ ویب سائٹ اس لیے بند کی ہے کہ وکی لیکس ڈاٹ اورگ پر سائبر حملے بہت زیادہ ہو رہے تھے۔
کمپنی کے مطابق ان حملوں کی وجہ سے پورے ڈومین کو خطرہ لاحق تھا اور ہزاروں دیگر ویب سائٹ تک بھی رسائی بند ہو سکتی تھی۔
وکی لیکس کا کہنا ہے کہ اس نے جب سے تازہ خفیہ دستاویزات جاری کیے تھے تب سے سائیبر حملے ہو رہے تھے۔
وکی لیکس کی جانب سے سماجی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر پیغام میں ڈومین ختم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ایوری ڈی این ایس ڈاٹ نیٹ نے اپنی ویب سائیٹ پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ وکی لیکس کو ویب سائیٹ بند کرنے کے حوالے سے چوبیس گھنٹے قبل نوٹس دیا گیا تھا۔ اور اس نوٹس کی معیاد دو دسمبر کو جی ایم ٹی تین بجے ختم ہو گئی۔
کمپنی کے مطابق ’سائیبر حملوں کے باعث ڈومین کے انفراسٹرکچر کو خطرہ تھا اور اس ڈومین کے ذریعے پانچ لاکھ دیگر ویب سائیٹس تک رسائی ہوتی ہے۔‘
ایوری ڈی این ایس ڈاٹ نیٹ نے مذید کہا کہ وکی لیکس تک رسائی اس لیے ممکن نہیں ہے کہ کسی اور ڈومین کمپنی نے ان کو ڈومین دینے سے انکار کردیا ہے۔
وکی لیکس نے ایمازون سے ڈومین کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن اس نے انکار کردی۔ ایمازون کے انکار کو امریکی حکام نے سراہا۔
وکی لیکس اب یورپ کے ڈومین کمپنیوں پر اپنی ویب سائیٹ چلا رہی ہے۔ |